Skip to main content

سنتوں کے سوداگر

سنتوں کے سوداگر

سحری کا با برکت وقت تھا۔ ٹی وی چینل پر شہرِ رمضان سجا ہوا تھا۔ میزبان اور علماء کرام سحری کی میز پر موجود تھے جہاں طعام کے ساتھ خوبصورت دینی گفتگو کا سلسلہ بھی جاری تھا۔ تمام افراد زمین پرتشریف فرما تھے اور ان کے سامنے تقریباً  ڈیڑھ فٹ اونچی اور آٹھ فٹ لمبی میز پر انواع و اقسام کی نعمتیں موجود تھیں۔ سحری کے اختتام پر ایک عالم نے اتنی عمدہ سحری پر میزبان  کی تعریف کی اور کہا کہ جناب اگر اس میز کے بجائے دسترخوان بچھا لیا جاتا تو سنت کا ثواب بھی حاصل ہو جاتا۔ اس پر دوسرے عالم نے ٹی وی سیٹ کی نزاکتیں سمجھتے ہوئے مشورہ دیا کہ اس میز پر ہی دسترخوان بچھا لیا جائے تو سنت پوری ہو جائے گی۔ ایک لمحے کو دل خوشی سے جھوم اٹھا کہ ہمارے علماء سنتوں کا کس قدر خیال رکھتے ہیں۔ مگر  یہ نفسِ غیر مطمئنہ (شیطان تو  آج کل  زنجیروں میں جکڑا ہوا ہو گا) کہ  کوئی اچھی بات سوچ ہی نہیں سکتا۔ خیال در  آیا کہ سنت ِ رسول ﷺ پر اس قدر باریکی سے نظر رکھنے والے عالم کی نظر حقیقت بیں سے کیا کیا چیزیں  پنہاں رہ گئیں۔ یاد آیا کہ میرے آقا ﷺ نے تمام عمر کبھی چھنے ہوئے آٹے کی روٹی نہیں کھائی۔ آپ ﷺ کے دستر خوان پر انواع و اقسام کے مرغن کھانے کبھی جمع نہیں ہوئے۔ پھر خیال آیا کہ سرورِ دو جہاں پر کبھی تین دن لگاتار ایسے نہیں آئے جب آپ ﷺ نے پیٹ بھر کر کھانا کھایا ہو۔  پھر خیال آیا کہ ہو سکتا ہے کہ ان علمائے کرام کے نزدیک اس کی وجہ آقائے دو جہاں کے  مالی حالات  ہوں ، آپ ﷺکی سنت نہ ہو۔

ایک ایک سنت پر نظر رکھنے والے اور ان کی تلقین کرنے والے علماء کی نظروں سے کیا کیا اوجھل رہ جاتا ہے اس کی چند مثالیں حاضر ہیں۔ رمضان کے با برکت لمحات ٹی وی پر ""تبلیغ  " میں گزارنا جبکہ ثقہ  علماء کے نزدیک ٹی وی اور تصاویر حرام ہوں۔ ان با برکت محافل میں ہونے والی خلافِ سنن افعال سے صرفِ نظر مثلاً اختلاطِ زن و مرد، خواتین کا غیر مکمل پردہ،  مرد میزبانوں کا خواتین اور بچیوں میں جا جا کر سوالات کرنا اور عورتوں اور بچیوں کا چیخ چیخ کر انعام لینے کی کوششیں۔ اور کبھی کبھی تو سوالات کے بجائے صرف صورت معصوم نظر آنے پر انعامات دینا۔

سنت کیا ہے؟
ان علمائے کرام کے طرزِ عمل نے میرے ذہن میں ایک سوال پیدا کر دیا ہے کہ دراصل سنت کیا ہے؟  اس کی ایک عام تعریف تو یہ ہے کہ جو عمل ہمارے پیارے نبی پاک ﷺ نے بار بار یا متواتر انجام دیا ہو یا  کسی ایک چیز یا عمل کو دوسرے پر متواتر ترجیح دی ہو، سنت کہلاتا ہے۔ یہاں ایک معاملہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ جو عمل نبی پاک ﷺ کے زمانے کے حالات کی بناء پر ہو وہاں پر نئے حالات کی بناء پر مختلف عمل بھی کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ وہ بنیادی اسلامی تعلیمات سے متصادم نہ ہو۔

اب اس کی ایک مثال لاوڈ اسپیکر کی ہو سکتی ہے۔ اگرچہ چند دہائیوں پہلے علماء نے بالاتفاق  اسے ناجائز قرار دیا مگر اب تمام لوگوں نے اسے قبول کر لیا  ہےکیونکہ اب مساجد گھروں سے دور دور ہوتی ہیں  اور بغیر لاوڈاسپیکر کے گھروں تک اذان کی آواز پہنچانا تقریباً ناممکن ہے۔  مگر کچھ ایسے معاملات بھی ہیں جہاں حالات تبدیل نہیں ہوئے مگر لوگوں کے خیالات تبدیل ہو گئے۔ مثلاً شاہِ دوجہاں کھجور کی چھال سے بنے گدے پر استراحت فرماتے تھے۔ ایک رات جب حضرت عائشہ ؑ نے آپ ﷺ کی راحت کے لئے اسے دوہرا کر دیا تو نبی پاک ﷺ نے حضرت عائشہؑ کو اس سے منع فرمایا کہ  اس عمل سے رات کو نماز کے لئے اٹھنے میں سْستی محسوس ہوئی تھی۔  حالانکہ اس زمانے میں بھی نرم اور گداز بستر ہوا کرتے تھے مگر میرے آقائے کریم نے ان کو کبھی استعمال نہیں فرمایا۔ آج میں شہروں شہروں ایسے عالم کو ڈھونڈ رہا ہوں جو اس سنت پر عمل کرتا ہو۔ مگر کوئی ایسا عاشقِ رسول نظر نہیں آیا۔

نبی پاک کے زمانے میں امراء میں قالینوں  کا استعمال عام تھا مگر میرے نبی پاکﷺ نے کبھی اپنے گھر یا مسجد میں قالین استعمال نہیں کیا۔ مگر آج ہم دیکھتے ہیں کہ مساجد میں بلاوجہ قیمتی اور دبیز قالین استعمال کئے جاتے ہیں اور پھر ان قالینوں کی گرمی سے بچنے کے لئے پنکھے اور مقدور ہو تو ائر کنڈیشنرز کا استعمال کیا جاتا ہے۔ کیا یہ عمل اسراف میں نہیں آتا اور خلافِ سنت نہیں؟

ایک اور متواتر سنت ِرسول اور پھر سنتِ مسلمین، مکبّر کی ہے۔ جب مقتدی زیادہ ہوتے تھے تو امام کی تکبیر کو پچھلی صفوں تک پہنچانے کے لئے ہر چند صفوں کے بعد کوئی مقتدی امام کی تکبیر کو دہراتا تھا۔ احادیثِ مبارکہ میں  اس عمل کی بڑی  فضیلت آئی ہے۔ مگر لاوڈ اسپیکر کے استعمال کے بعد اس سنت کو ترک کر دیا گیا ہے۔ جب دوسری سنتوں کی زندہ کرنے کی تلقین کی جاتی ہے تو کیوں نہ  نماز کے دوران لاؤڈ اسپیکر کو بند اور اس سنت کو  زندہ کیا جائے؟

میری سمجھ میں یہ بھی نہیں آتا کہ کیوں کر مسواک کا استعمال ضروری سنت ہے مگر سواری کے لئے گھوڑوں اور اونٹوں کے پالنے اور استعمال کی اب ضرورت نہیں۔ میں کار یا دوسری سواریوں کے استعمال  کے خلاف نہیں مگر اونٹوں اور گھوڑوں کے استعمال  کو(بطورِ سنت ہی سہی) فروغ  کیوں نہ دیا جائے؟

اور پھر یہ سوال بھی  ذہن میں ابھرتا ہے کہ میرے آقا نبی پاک  ﷺ نے شہروں کو بڑا نہ کرنے کا حکم دیا۔ مگر کیوں کر چھوٹے شہروں اور قصبوں سے ہر سال ہزاروں بچے کراچی اور لاہور جیسے بڑے شہروں کے مدارس میں لا کر نبی کریم ﷺ کے حکم کی صریح خلاف ورزی کی جاتی ہے۔  ان بچوں کو ان کے ماں باپ سے جدا کرنے کے بجائے ان کے گھروں کے پاس ہی کیوں نہیں پڑھایا جاتا؟ کیا یہ عمل خلافِ سنت نہیں؟

اس طرح کی بے شمار اور سنتیں ہیں جیسے تعلیمِ دین  کی اجرت نہ لینا، امامت نماز کی اجرت نہ لینا وغیرہ مگر ان کا ذکر عام نہیں ہے۔ مگر کھجور، شہد، کلونجی کھانا ایک ضروری سنت سمجھی جاتی ہے۔ حالانکہ نبی پاکﷺ نے ایک بار حضرت علی ؑ کو کھجور کھانے سے اس وقت منع فرمایا تھا جبکہ ان کی آنکھیں دکھ رہی تھیں۔ میرے کہنے کا مقصد یہ ہے کہ ہر شے کو سنت کہہ کر ہر ایک پر لازم کرنے سے پہلے سوچنا چاہئے کہ دو جہانوں کے سردارﷺ کے ہر عمل میں سراسر دانش پنہاں تھی اور آپ ﷺ کے ہر عمل ہر سنت سے پہلے اس کی وجہ جان لینے سے ہم اس سنت سے زیادہ بہتر طریقے سے فیضیاب ہو سکتے ہیں۔

کاش کہ ہمارے علماء اپنی مرضی کی حدیثوں کی ترویج کے بجائے نبی پاک کی تمام سنتوں کو عام کرنے کی کوشش کریں۔ یاد رکھیں کہ اہلِ یہود نے بھی نبی پاک ﷺ کے سامنے اپنے صحیفے میں سے اوپر اور نیچے کے حصے سنائے اور بیچ کا حصہ چھپا گئے تھے جسے نبی پاک ﷺ نے شدید ناپسند فرمایا تھا۔ اللہ تعالٰی ہم سب کو قرآن اور سنت پر پوری طرح سے عمل کرنے والا بنائے اور ہم سب کو صرف اپنے مطلب کی احادیث کی ترویج سے بچائے۔


آخر میں پھر ایک دعا کہ اللہ تعالٰی ہم سب کو اپنی زندگیاں رسولِ پاک ﷺ کی سنتوں  کے مطابق ڈھالنے کی توفیق فرمائے۔

Comments

Popular posts from this blog

اپوا گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول

  گورنمنٹ اپوا  بوائز سیکنڈری اسکول نیو کراچی کچھ شخصیات اداروں کی پہچان بن جاتی ہیں۔ اپنی محنت، صلاحیت اور خلوص نیت سے ادارے کو کامیابی کے آسمان کا روشن ستارہ بنا دیتی ہیں۔ ان کے جانے کے بعد ادارے میں خزاں رُت ڈیرا ڈال لیتی ہے۔ ان کے کِھلائے ہوئے پھول آہستہ آہستہ مرجھانے لگتے ہیں۔ اور ایک دن وہ ادارہ کامیابی کے آسمان سے ٹوٹے ہوئے تارے کی طرح اپنے روشن ماضی کی لکیر پیچھے چھوڑتا ہوا وقت کی گرد میں گم ہو جاتا ہے۔ یہی کچھ ہماری مادرِ علمی کے ساتھ بھی ہوا۔ آج ہم اپنے اسکول کی کہانی سنائیں گے۔ جسے سن کر آپ کہہ اٹھیں گے کہ ایسی چنگاری بھی یا رب اپنی خاکستر میں تھی نواب زادہ لیاقت علی خان سے کون واقف نہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی پاکستان کے قیام کے لئے وقت کر دی اور اس مقصد کے لئے آخر وقت تک قائد اعظم کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔ پاکستان بننے کے بعد اپنی ریاست اور دولت کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے ایک غریب اور بے آسرا ملک آ گئے۔ تمام عمر اس ملک کو حاصل کرنے اور اسے توانا بنانے میں گزر گئی۔ اور آخر میں اس عشق میں اپنے وطن پر جاں نثار کر گئے۔ لیکن ان کے جانے کے بعد بھی ان کی نیکیوں کی روایت ختم نہ

ڈنکی – اچھا خیال لیکن وہی احمقانہ انڈین نظریات

  ڈنکی – اچھا خیال لیکن وہی احمقانہ انڈین نظریات   بہت انتظار کے بعد ڈنکی فلم ریلیز ہو گئی۔ راج کمار ہیرانی کے پرستار بہت عرصے سے اس فلم کا انتظار کر رہے تھے۔ میری اس فلم کے انتظار کی دو وجوہات تھیں، راج کمار ہیرانی کی ڈائریکشن اور فلم کا غیر روایتی موضوع۔ یہاں شاہ رخ خان کا نام نہ لینے پر ان کے پرستار ناراض ہو جائیں گے لیکن ان کی باکس آفس پر کامیاب ترین مگر احمقانہ فلموں پٹھان اور جوان نے کم از کم میرے لئے خان کے جادو کو زائل کر دیا۔ ویسے تو شاہ رخ خان اور راج کمار ہیرانی کی جوڑی سے سب کو ایک شاہ کار کی امیدیں تھیں۔ لیکن بڑی توقعات اکثر بڑی ناکامیوں پر ہی منتج ہوتی ہیں۔   اس فلم کا موضوع بہت اچھا ہے۔ مجموعی طور پر فلم کی کہانی بھی اچھی ہے۔ فلم کے پہلے حصے میں ہنستے کھیلتے جس طرح فلم کی کہانی بُنی گئی ہے وہ بہت دلکش ہے۔ فلم کے پہلے حصے کا اختتام ایک خود کشی پر ہوتا ہے جس میں ہدایت کار اور اداکار کی پرفارمنس عروج پر ہے۔ لیکن خود کشی کے فوراً بعد ساتھی کرداروں کی تقریریں اور سچویشن سراسر اوور ایکٹنگ کے زمرے میں آتی ہیں۔ فلم کا دوسرا حصہ اگرچہ نسبتاً بوجھل ہے لیکن راج کمار ہیران

گورنمنٹ اپوا بوائز سیکنڈری اسکول نیوکراچی کی تصاویر

حافظ اللہ خان شیروانی صاحب حافظ اللہ خان شیروانی صاحب  کی ریٹائرمنٹ پر اعزازی تقریب کی تصویری جھلکیاں  ایچ اے خان شیروانی صاحب قاری حبیب اللّٰہ صاحب اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے محب اللّٰہ صاحب سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے بلقیس قریشی صاحبہ سپاس نامہ پیش کررہی ہیں شیروانی صاحب خطاب کر رہے ہیں۔ پس منظر میں بلقیس قریشی صاحبہ تحفے میز پر رکھتے ہوئے شیروانی صاحب کا خطاب محفل میں اداسی کا رنگ نمایاں ہے خواتین اساتذہ بھی شیروانی صاحب کے جانے پر افسردہ ہیں قاری صاحب اور محب اللّٰہ صاحب،  شیروانی صاحب کی خدمت میں پھول اور تحائف پیش کر رہے ہی قاری صاحب،  شیروانی صاحب کی خدمت میں منظوم خراج تحسین پیش کر رہے ہیں یقیں محکم عمل پیہم محبت فاتح عالم شیروانی صاحب اساتذہ و طلبہ کا دل جیتنے کے بعد فاتح کے طرح اسکول سے رخصت ہوئے شیروانی صاحب اسکول کی ہر تقریب کے بعد کھانے کا اہتمام کرتے۔ تو ایسا کیسے ہو سکتا تھا کہ ان کے تربیت یافتہ اساتذہ اس روایت کو جاری نہ رکھتے۔ تقریب کے بعد سائنس لیب میں کھانے کا انتظام کیا گیا۔ شیروانی صاحب کے چھوٹے صاحبزادے رضوان شیروانی بھی تصویر میں نمایاں ہیں تقریب کے بعد اساتذہ کے