Skip to main content

ڈنکی – اچھا خیال لیکن وہی احمقانہ انڈین نظریات


 


ڈنکی – اچھا خیال لیکن وہی احمقانہ انڈین نظریات

 

بہت انتظار کے بعد ڈنکی فلم ریلیز ہو گئی۔ راج کمار ہیرانی کے پرستار بہت عرصے سے اس فلم کا انتظار کر رہے تھے۔ میری اس فلم کے انتظار کی دو وجوہات تھیں، راج کمار ہیرانی کی ڈائریکشن اور فلم کا غیر روایتی موضوع۔ یہاں شاہ رخ خان کا نام نہ لینے پر ان کے پرستار ناراض ہو جائیں گے لیکن ان کی باکس آفس پر کامیاب ترین مگر احمقانہ فلموں پٹھان اور جوان نے کم از کم میرے لئے خان کے جادو کو زائل کر دیا۔ ویسے تو شاہ رخ خان اور راج کمار ہیرانی کی جوڑی سے سب کو ایک شاہ کار کی امیدیں تھیں۔ لیکن بڑی توقعات اکثر بڑی ناکامیوں پر ہی منتج ہوتی ہیں۔

 

اس فلم کا موضوع بہت اچھا ہے۔ مجموعی طور پر فلم کی کہانی بھی اچھی ہے۔ فلم کے پہلے حصے میں ہنستے کھیلتے جس طرح فلم کی کہانی بُنی گئی ہے وہ بہت دلکش ہے۔ فلم کے پہلے حصے کا اختتام ایک خود کشی پر ہوتا ہے جس میں ہدایت کار اور اداکار کی پرفارمنس عروج پر ہے۔ لیکن خود کشی کے فوراً بعد ساتھی کرداروں کی تقریریں اور سچویشن سراسر اوور ایکٹنگ کے زمرے میں آتی ہیں۔ فلم کا دوسرا حصہ اگرچہ نسبتاً بوجھل ہے لیکن راج کمار ہیرانی نے بڑی خوبی سے تکلیف دہ مناظر کو دکھانے کے ساتھ ساتھ ان کو تیزی سے گزار دیا تاکہ یہ فلم محض میلو ڈراما یا ڈاکیومینٹری بن کر نہ رہ جائے۔ فلم کا اختتامی حصہ کسی حد تک غیر متوقع ہے اور عمدگی سے فلمایا گیا ہے۔ فلم کے آخری منظر کو احمقانہ ہی کہہ سکتے ہیں لیکن شاید ہیرانی صاحب ناظرین کو روتے ہوئے گھر بھیجنا نہیں چاہتے تھے اس لئے ہم اس پر تنقید نہیں کرتے۔ فلم میں کئی جھول ہیں مثلاً ایک بیمار کردار کا ۳ سیکنڈ میں بیٹھے بیٹھے خاموشی سے مر جانا بہت غیر حقیقی ہے لیکن کسی منظر کو متاثر کن بنانے کے لئے ڈائریکٹر کو تھوڑی سی تخلیقی آزادی دینے میں کوئی ہرج نہیں  ۔

 

راج کمار ہیرانی نے محض پانچ فلمیں بنا کر بالی ووڈ کے لیجنڈ کا رتبہ حاصل کر لیا۔ ان کی فلمیں طاقتور کہانیوں اور جان دار مکالموں کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں۔ وہ اپنی فلموں میں جا بجا دقیانوسی انڈین خیالات کو مزاح کے چاشنی میں لپیٹ کر چیلنج کرتے نظر آتے ہیں۔ فلم PK اس کی بہترین مثال ہے۔ اس چھٹی فلم میں بھی وہ سرسری طور پر ایک گہری حقیقت بیان کر گئے ہیں جس کا ادراک کم از کم انڈین ناظرین کو نہیں ہوا۔ ڈنکی فلم کی کہانی ان کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو اپنی معاشی اور جذباتی ضروریات کی وجہ سے انگلینڈ جانا چاہتے ہیں۔ لیکن مروجہ قوانین کے تقاضوں پر پورا نہ اترنے کے باعث انہیں ویزا نہیں ملتا۔ مایوسی کے عالم میں وہ انگریزوں اور ان کی امیگریشن پالیسی کے خلاف دھواں دار تقریریں کرتے نظر آتے ہیں۔ فلم کے ایک موڑ پر وہ غیر قانونی طریقے سے انگلینڈ پہنچنے کے لئے ڈنکی لگانے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ وہاں پہنچ کر بھی انہیں مایوس کن حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ایک بار پھر انگریزوں، ان کی  امیگریشن پالیسی اور سرحدوں کے خلاف بھاشن سننے کو ملتے ہیں۔ لیکن یہاں ہیرانی صاحب بڑی صفائی سے ایک سنگین حقیقت بیان کر گئے جو ناظرین اگر سمجھے بھی تو خاموشی سے پی گئے۔ فلم کے کردار جب برطانوی شہریت حاصل کر لیتے ہیں اور برطانوی پاسپورٹ پر انڈیا آنے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں انڈیا میں بھی ویسی ہی امیگریشن پالیسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے خلاف وہ پوری فلم میں بولتے چلے آئے ہیں۔ یہ سچویشن ایک تلخ حقیقت کی طرف اشارہ کرتی ہے جو خود انڈیا کی ویزا اور امیگریشن پالیسی کا حصہ ہے۔ انڈیا میں بنگلہ دیش، میانمار اور سری لنکا سے آنے والے پناہ گیروں کے ساتھ سرکاری اور غیر سرکاری طور پر جو سلوک ہوتا ہے اگر اس پر فلم بنائی جائے تو شاید آنسوؤں کے سوا کچھ بھی نہ دکھایا جا سکے۔ انڈینز بڑی سادگی سے یہ سمجھتے ہیں کہ جب وہ کسی اور ملک میں جا رہے ہوتے ہیں تو اس ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہوتے ہیں اور مقامیوں کی نوکریوں پر اثرانداز نہیں ہوتے۔ لیکن جب انڈیا میں پناہ گزین آتے ہیں تو انہیں فوراً اپنی نوکریوں اور کاروبار کی فکر پڑ جاتی ہے۔ اگر انڈین غیر منصفانہ امیگریشن پالیسی کے خلاف ہیں تو انہیں اپنی جدوجہد کا آغاز دوسرے ملکوں سے نہیں بلکہ اپنے ہی ملک سے کرنا چاہئے۔


Comments

Popular posts from this blog

محسن نقوی کی طویل نعتیہ نظم موجِ ادراک

محسن نقوی کی طویل نعتیہ نظم  ’موجِ ادراک‘تحت اللفظ پڑھنے کی کوشش کی ہے۔ کلام کی طوالت کی وجہ سے اسے پانچ حصوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ ہر حصہ 17 سے 19اشعار پر مشتمل ہے ۔ پہلا حصہ پیشِ  خدمت ہے۔   دوسرا  حصہ  پیشِ  خدمت ہے ۔ تیسرا  حصہ  پیشِ  خدمت ہے ۔ چوتھا  حصہ  پیشِ  خدمت ہے ۔ پانچواں  حصہ  پیشِ  خدمت ہے ۔

حلیم یا دلیم؟

حلیم یا دلیم؟ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ حلیم کو کسی اور نام سے پکارنا چاہئے کیونکہ " حلیم "  اللہ تعالیٰ کا صفاتی نام ہے اور حلیم بنانے کے افعال کے ساتھ اس لفظ کا استعمال گستاخی کے زمرے میں آتا ہے۔ امید ہےکہ وہ اپنے مقدمات کے لئے  " وکیل "  تو نہیں کرتے ہوں گے کہ انسان کو وکیل کیسے کہا جا سکتا ہے؟  اور یا پھر وہ وہ وکیلوں کے بارے میں مشہور ترین شعر سے بھی اتفاق نہیں کرتے ہوں گے۔" حکیم " سے دوا بھی نہیں لیتے ہوں گے کہ انسان  حکیم کیسے  ہو سکتا ہے؟ نہ تو ان کے بچے مدرسوں میں " اوّل "  آتے ہوں گے اور نہ ہی ان کے پاس  " آخر " میں کچھ  " باقی "  رہ جاتا ہوگا۔ کیونکہ یہ تمام بھی اللہ تعالیٰ کے صفاتی نام ہیں۔ مرنے کے بعد ان کا کوئی" ولی "  بھی نہیں ہوتا ہوگا کیونکہ انسان ولی  کے درجے پر کیسے پہنچ سکتا ہے؟ یہ متقیان  یقیناً  مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی افواج کو بھی  " قابض "  نہیں کہتے ہوں گے۔  'ساڈی  " باری " آن دیو'   کا نعرہ  بھی  انہیں کفّار کی سازش لگتا ہوگا۔ ...

کیا پورے پاکستان میں ایک ہی دن عید منانا ضروری ہے؟

کیا پورے پاکستان  میں ایک ہی دن عید منانا ضروری ہے؟ عید کی آمد آمد   ہے۔   پاکستانی مسلمان ایک طرف خوشی سے   سرشار ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے عبادت کے جذبے کے ساتھ رمضان گزارنے کا موقع عطا فرمایا۔ اور انعام کے طور پر عید کی آمد کی نوِید ہے۔ لیکن دوسری طرف ایک خدشہ بھی لگا ہے کہ کیا اس بار بھی عید پر وہی تماشا ہو گا جو پچھلے کئی برسوں سے جاری ہے؟ کیا اس سال بھی وطنِ عزیز   میں   لوگ اس   خوشی کے موقع پر منقسم ہوں گے؟ کیا اس سال بھی ملک میں دو الگ الگ دنوں میں عید منائی جائے گی؟ لیکن اس سے بھی اہم سوال   یہ   ہے کہ کیا پورے ملک میں ایک ہی دن عید منانا ضروری ہے؟   شمسی اور قمری تقویم اصل مسئلے   پر بات کرنے سے پہلے کچھ ’بونس‘ معلومات   پیش خدمت   ہیں۔  دنیا میں دو طرح کی تقویم ( calendar ) رائج ہیں قمری اور شمسی ۔   قمری تقویم چاند   کے گھٹنے اور بڑھنے پر   مہینوں کا حساب کرتی ہے۔ یہ دنیا   کی قدیم ترین   تقویم سمجھی جاتی ہے۔   اس کے قدیم ترین شواہد   شہر روم کے قریب البان پہاڑی ...