یوم سقوط ڈھاکہ کا
رونا بند کر دیں
16 دسمبر کی آمد
آمد ہے۔ چند ہی دنوں میں ہر اخبار اور ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سقوط ڈھاکہ کی گردان
شروع ہو جائے گی۔ ہر شخص جسے تاریخ کی آگہی ہو یا نہ ہو، اس موضوع پر خامہ فرسائی
کرنا شروع ہو جائے گا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ سانحہ مشرقی پاکستان ہماری تاریخ کا
سیاہ باب ہے۔ اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ اس سانحے سے ہماری تلخ یادیں جڑی ہیں۔ اور
یہ کہنا بھی غلط نہ ہوگا کہ پاکستان کے تزویراتی اور معاشی زوال کی ابتدا بھی اس
ہی سانحے سے ہوئی۔ لیکن اس واقعے کو جس تکلیف دہ اور یک طرفہ انداز سے بیان کیا
جانے لگا ہے وہ بھی پاکستانیوں کا حوصلہ توڑنے اور تکلیف دینے کے سوا کچھ بھی نہیں
کر رہا۔
دیکھیں اس دنیا میں
بے شمار ملک اپنے اپنے یومِ فتح مناتے ہیں۔ لیکن کتنے ممالک یومِ شکست مناتے ہیں؟ شاید
کوئی نہیں۔ تو کیا انہیں کبھی شکست نہیں ہوئی یا ان سے کوئی غلطی نہیں ہوئی؟ اب یہ
بتائیں کہ کیا سقوطِ ڈھاکہ، پاکستان کی شکست کی یادگار نہیں؟ اگر بنگلہ دیشی اسے
یوم فتح کے طور پر مناتے ہیں تو وہ تو ہمارے اختیار میں نہیں ہے۔ لیکن ہم ان سے
زیادہ اپنے یومِ شکست کو یاد رکھنے کا اہتمام کیوں کرتے ہیں؟ ہم کیوں اس بات کو یقینی
بناتے ہیں کہ وہ تمام سچی جھوٹی داستانیں جن پر بنگلہ دیش اور انڈیا کے تاریخ دان
بھی متفق نہیں، اپنی نئی نسلوں کے ذہنوں میں پوری طرح اتار دیں؟ ایک بات یاد رکھیں
کہ مشرقی پاکستان اپنی زندگی کے 25 سال بھی پورے نہ کر سکا تھا جب کہ بنگلہ دیش
بنے 50 سال سے زیادہ ہو گئے ہیں۔ اگر پچاس سال کے اچھے سلوک کے بعد بھی کسی کے دل
سے پچیس برس کی تلخی نہ جائے تو پھر یہ سوچنا پڑے گا کہ منفی ذہنیت کا مظاہرہ کس
طرف سے ہو رہا ہے۔ اگر بنگلہ دیش کے 200
سال تک بنگال کو لوٹنے والے اور (انگریزوں کی تحقیق کے مطابق) لاکھوں بنگالیوں کی
موت کا باعث بننے والے برطانیہ سے مثالی تعلقات ہوں اور 25 سال بانٹ کر حکومت کرنے
والوں سے نفرت ہو تو اس بات کی کوئی منطق نظر
نہیں آتی۔ انصاف تو جب ہو کہ بنگلہ دیش سب سے پہلے برطانیہ سے معافی اور تلافی کا
مطالبہ کرے۔ جب وہاں بات بن جائے تو پھر پاکستان پر دباؤ ڈالے۔ لیکن اگر بنگلہ
دیشی سیاست دان صرف ووٹ لینے کے لئے پاکستان کو مطعون کرتے ہیں تو انہیں کرنے دیں۔
ہم پاکستانی اس منافقت کا حصہ کیوں بنیں؟
اب ذرا سقوط ڈھاکہ کی
بات کر لیں۔ کیا مشرقی پاکستان دنیا کا پہلا اور آخری حصہ تھا جو اپنے ملک سے الگ
ہوا؟ سنہ 1918 سے سنہ 1992 تک یورپ میں یوگو سلاویہ کے نام سے ایک ملک ہوتا تھا جس
کے اب تک چھہ حصے ہو چکے ہیں۔ کروشیا، سلووینیا، بوسنیا اور ہرزیگوینیا، مونٹی
نیگرو، سربیا، شمالی میسی ڈونیا۔ چلیں اب دوسری مثال لیتے ہیں دنیا کا سب سے بڑا
اور قریباً سب سے طاقت ور ملک سوویت یونین۔ سنہ 1922 میں بننے والا یہ اتحاد 70
سال سے بھی کم عرصے میں سنہ 1991 میں اپنے اختتام کو پہنچا اور 15 حصوں میں تقسیم
ہو گیا۔ سقوط سوویت یونین کی خاص بات یہ بھی تھی کہ اس کی ریاستیں صرف روس کے تسلط
سے آزاد ہی نہیں ہوئیں بلکہ بیشتر نے سب سے پہلے اس کی آئیڈیالوجی کو ترک کیا۔ اس
ہی وجہ سے ان 15 نئی ریاستوں میں سے 6 وسیع و عریض مسلم ریاستیں منصّۂ شہود میں
آئیں۔ روس ہر سال یومِ دفاعِ وطن بھی مناتا ہے اور یوم فتح بھی لیکن سقوط سوویت
یونین پر کوئی بات نہیں ہوتی۔ عظیم ترکی جس کی حکومت ایشیا، افریقہ، اور یورپ تک پھیلی
ہوئی تھی، رقبے کے لحاظ سے ایشیا کا ایک عام سا ملک بن کے رہ گیا ہے۔ ترکی بھی ہر
سال 29 اکتوبر کو یومِ جمہور پر جشن مناتا ہے سقوطِ خلافت کا غم نہیں۔ ہزار برس تک
ایک رہنے والا، شام سے لے کر یمن تک، پورا عرب 15 ریاستوں میں بٹ گیا۔ ہر ریاست
اپنا ’یومِ الوطنی‘ مناتی ہے سقوط عرب کا سوگ کوئی نہیں مناتا۔ برطانیہ، انسانی تاریخ کی سب سے بڑی ریاست تھی۔
دنیا میں کوئی اور بادشاہت یا جمہوریت ایسی نہیں آئی جس کی حکومت دنیا کے تمام
براعظموں تک پھیلی ہوئی ہو۔ برطانیہ کو 14 اور 15اگست 1947کو اپنی سب سے قیمتی مقبوضہ
ریاست کو چھوڑ کر نکلنا پڑتا ہے۔ لیکن میں نے آج تک یہاں کوئی سقوط دہلی قسم کا
لفظ نہیں سنا۔ یہاں کے اخبارات میں ہر سال انڈیا چھوڑنے کی وجوہات یا انڈینز پر
کئے گئے مظالم کی کہانیاں بھی نہیں چھپتیں۔ ایسا نہیں کہ یہ سارے ممالک الگ ہونے
والی ریاستوں پر کئے جانے والے مظالم سے مکمل انکاری ہیں۔ اقتدار کی اپنی مجبوریاں
ہوتی ہیں اور ہر حکومت اپنے خلاف ہونے والی بغاوت کو پوری طاقت سے کچلتی ہے چاہے بغاوت
کتنے ہی عظیم مقصد کے لئے کی جائے۔ لیکن یہ تمام ممالک حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے
ہوئے تاریخ کو کتابوں میں دفن کر کے آگے بڑھ گئے۔ برطانیہ آج بھی مختلف معاہدوں
کے ذریعے سابقہ غلام مملکتوں سے دوستانہ تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہے۔ روس کے
نوآزاد وسطی ایشیائی ممالک سے قریبی تعلقات ہیں۔ خلیجی ممالک تو ایک دوسرے کے
شہریوں کو بغیر ویزا آمد و رفت کی سہولت بھی دیتے ہیں۔ جب یہ سارے ممالک تاریخ کی تلخیوں اور شکستوں کو
پس پشت ڈال کر آگے بڑھ سکتے ہیں تو پاکستانی ایسا کیوں نہیں کر سکتے؟
تو پھر کیا کریں، بھول جائیں کہ کبھی
مشرقی پاکستان بھی ہمارے ساتھ تھا؟ کیا اپنے بچوں کو اپنی تاریخ نہ پڑھائیں؟ کیا تاریخ کے مجرموں کو معاف کر دیں اور پھر
ویسے ہی لوگوں کو اپنے پر مسلط ہونے دیں؟ کیا اس سانحے کو بھول کر مست ملنگ ہو
جائیں اور اگلے سانحے کا انتظار کریں؟ ان تمام سوالات کا جواب ہے ’نہیں‘۔ نہ تو
ہمیں تاریخ بھولنی ہے اور نہ ہی ایسے حکمرانوں کو برداشت کرنا ہے۔ لیکن ہمیں تدبّر
سے اس معاملے کو سلجھانا ہے۔ سب سے پہلے تو ہمیں اپنی منزل متعین کرنی ہو گی۔ اگر
ہمیں ہر سال یوم سقوط ڈھاکہ منانا ہے تو ہمیں واضح کرنا ہو گا کہ ہم اس سے کیا
حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ کیا ہم مشرقی پاکستان کو دوبارہ متحدہ پاکستان کا حصہ بنانا
چاہتے ہیں؟ یقیناً نہ تو ایسا کوئی سرکاری منصوبہ ہے اور نہ ہی عوامی خواہش۔ تو اگر
محض تاریخ کا سبق حاصل کرنا ہے تو اس کے لئے پچاس سال بہت ہیں۔ ہم نے اپنی غلطیاں بھی
مان لیں۔ اپنے مجرم بھی نامزد کر دئیے۔ اس موضوع پر بے شمار کتابیں لکھ دیں، کالم/مضامین
چھاپے اور بے تحاشا تقریریں اور انٹرویوز بھی سوشل میڈیا پر ڈال دئیے ۔ اگر کسی کو
کچھ سیکھنا ہے تو یہ مواد بہت سے بھی سِوا ہے۔ اب ہم ہر سال انہی الفاظ و واقعات
کی جگالی کئے جا رہے ہیں جس کا کوئی فائدہ نہیں۔ اب اس توانائی کو موجودہ مسائل کو
حل کرنے اور مستقبل کی تیاری کرنے میں استعمال کرنا زیادہ بہتر ہوگا۔
دوسری بات یہ کہ بیشتر کتابوں اور ویڈیوز
میں پاکستان کے نقطۂ نظر سے دانستہ پہلو تہی کی جاتی ہے۔ بیشتر تحریریں اور
تقریریں صرف پاکستانی حکمرانوں کی نا اہلی اور مشرقی پاکستانیوں کی مظلومیت کا
پرچار کرتی ہیں۔ ویسے تو یہ دونوں باتیں مکمل طور پر غلط نہیں ہیں۔ لیکن اس کے
ساتھ ہی ایمان داری سے تصویر کا دوسرا رخ دکھانا بھی ضروری ہے۔ اس وقت انگریزی کتابوں
کے بل پر جو دانشوری جھاڑی جا رہی ہے اس کا تحقیقی اور تنقیدی انداز سے جواب دینا
ضروری ہے۔ بدقسمتی سے میں کوئی تاریخ دان یا محقق نہیں جو ان باتوں کا مدلل اور مبسوط
جواب دے سکوں لیکن آپ کو تصویر کا دوسرا رخ دکھانے کے لئے اگلے مضمون میں کچھ
باتوں کا ذکر کروں گا۔ شاید کہ تیرے دل میں اتر جائے میری بات۔۔۔۔
اور تیسری بات یہ کہ مشرقی پاکستان
گئے اب پچاس سال سے زیادہ ہو گئے۔ جتنا عرصہ مشرقی پاکستان ہمارے ساتھ رہا، اس سے
دوگنا عرصہ جدا ہوئے ہو گیا۔ اب عوام کا سوگ ختم ہونے دیں۔ ہر ملک کا ایک تاریک
ماضی ہوتا ہے۔لیکن ہر جگہ نئی نسل ماضی کی غلامی سے نجات پا کر اپنے مستقبل کو
بہتر کرنے کی تدبیر کرتی ہے۔ ہماری نئی نسل کے کندھوں پر مشرقی پاکستان میں کی گئی
غلطیوں کا ملبہ مت ڈالیں۔ تاریخ کو ان کے پیروں کی بیڑیاں نہ بننے دیں۔ انہوں نے
مشرقی پاکستان میں کوئی غلطی نہیں کی۔ وہ تو بنگلہ دیش کے لئے بہت مثبت جذبات
رکھتے ہیں۔ انہیں نئے سرے سے، نئے اعتماد کے ساتھ زندگی شروع کرنے دیں۔ وہ اپنی
توانائی سے پاکستان کو بہت آگے لے جائیں گے اور بنگلہ دیش سے تعلقات بھی بہتر کر
لیں گے۔
Comments
Post a Comment